لو چاند ہوا جلوہ نما عیدمبارک
  
احمد علی برقیؔ اعظمی

لو چاند ہوا جلوہ نما عیدمبارک
لب پر ہے سبھی کے یہ صدا عید مبارک

رمضان کے روزوں کی بدولت ہے میسر
یہ کیف و مسرت کی فضا عید مبارک

پُر نور ہیں دل جشن کے ماحول میں سب کے
روشن ہے محبت کا دیا عید مبارک

ہر شخص کا سرسبز ہو گلزارِ تمنا
کوئی نہ کسی سے ہو جُدا عید مبارک

مُشتاق ہے ملنے کے لئے آج وہ مُجھ سے
پورا ہوا پیمانِ وفا عید مبارک

تفریق نہیں مذہب و ملت کی کوئی آج
قایم رہے یونہی یہ فضا عید مبارک

ملتے ہیں گلے آپ تو اخلاص سے ملئے
شامل نہ ہو کوئی بھی ریا عید مبارک

مِل جُل کے کریں آئئے تجدیدِ تعہد
دینگے نہ کسی کو بھی دغا عید مبارک

یہ بے رُخی اچھی نہیں اب تھوک دو غصہ
کیوں مُجھ سے ہو تم آج خفا عید مبارک

لو پیش ہے گُلد ستۂ گلہائے محبت
خوشبو سے معطر ہے فضا عید مبارک

یہ جشن کا ماحول ہے احمد علی برقی
رمضان کے روزوں کی جزا عید مبارک

Copyright © 2014-15 www.misgan.org. All Rights Reserved.